
ثنا یوسف قتل کیس: قاتل کو سزائے موت انصاف کی جیت ہے، نیاز احمد نیازی
چترال (چترال ایکسپریس) انسانی حقوق کے چیئرمین نیاز احمد نیازی ایڈووکیٹ نے معصوم بچی ثنا یوسف کے قاتل کو سزائے موت سنائے جانے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے انصاف کی جیت قرار دیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں
انہوں نے کہا کہ ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد کی عدالت کی جانب سے دیا گیا فیصلہ لواحقین کے ساتھ انصاف اور قانون کی بالادستی کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست پاکستان اور عدلیہ نے متاثرہ خاندان کے دکھ کا ازالہ کرنے کی کوشش کی ہے، جس سے عوام کا عدالتی نظام پر اعتماد مزید مضبوط ہوگا۔
نیاز احمد نیازی ایڈووکیٹ نے امید ظاہر کی کہ اسلام آباد ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ آف پاکستان بھی اس فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے انصاف کے تقاضے پورے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے سنگین جرائم میں سخت سزائیں معاشرے میں قانون کی عملداری قائم کرنے اور جرائم کی روک تھام میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
