تازہ ترین

چترال میں سیلابی صورتحال، اسماعیلی زائرین سمیت مسافر مشکلات کا شکار، بحالی کا کام جاری

چترال (چترال ایکسپریس) چترال کے مختلف علاقوں میں حالیہ موسلادھار بارشوں اور برساتی نالوں میں طغیانی کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے، جس سے لواری ٹنل سے چترال شہر تک متعدد مقامات پر سڑکیں متاثر ہوئی ہیں اور آمدورفت میں شدید مشکلات پیش آرہی ہیں۔

ذرائع کے مطابق کئی مقامات پر سڑکیں ملبے سے بھر گئی ہیں جبکہ بعض علاقوں میں کٹاؤ کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔ سیلابی ریلوں کی وجہ سے گاڑیوں کی آمدورفت وقفے وقفے سے معطل ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں، جس سے پشاور اور دیگر علاقوں سے چترال آنے والے مسافروں اور سیاحوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

ضلعی انتظامیہ، این ایچ اے اور ٹی ایم اے کی جانب سے متاثرہ شاہراہوں کی بحالی، ملبہ ہٹانے اور سڑکوں کی صفائی کا کام جاری ہے، تاہم مسلسل بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث بحالی کے عمل میں مشکلات درپیش ہیں۔

سڑکوں کی بندش سے اسماعیلی کمیونٹی کے زائرین کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد ہز ہائنس پرنس رحیم الحسینی آغا خان کی متوقع چترال آمد اور دیدار کے لیے چترال پہنچ رہے ہیں، تاہم خراب موسمی حالات اور متاثرہ شاہراہوں نے ان کے سفر کو دشوار بنا دیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر لوئر چترال راؤ ہاشم عظیم نے تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ موجودہ موسمی صورتحال کے پیش نظر غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دورانِ سفر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

متاثرہ مسافروں اور مقامی عوام نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ چترال کی اہم شاہراہوں کو جلد از جلد مکمل طور پر بحال کیا جائے تاکہ آمدورفت معمول پر آسکے۔

زر الذهاب إلى الأعلى
Ads Blocker Image Powered by Code Help Pro

Ads Blocker Detected!!!

We have detected that you are using extensions to block ads. Please support us by disabling these ads blocker.

Powered By
100% Free SEO Tools - Tool Kits PRO