
سکردو پولو ٹورنامنٹ: چترال پولو ایسوسی ایشن کے خاتمے کے اقدام کے خلاف مذمتی قرارداد منظور، شدید احتجاج کی دھمکی
سکردو (چترال ایکسپریس) سکردو پولو ٹورنامنٹ کے موقع پر گلگت بلتستان، نگر، غذر اور چترال کے تمام پولو پلیئرز کا ایک اہم اور اضطراری اجلاس صدر گلگت بلتستان پولو ایسوسی ایشن کاشف ضیاء کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں چترال پولو ایسوسی ایشن کو ختم کرنے کے انتظامی اقدام کو متفقہ طور پر مسترد کرتے ہوئے اسے ثقافتی کھیل پولو کے خلاف ایک گہری سازش اور غیر آئینی قدم قرار دیا گیا۔
اجلاس کے دوران تمام شریک کھلاڑیوں نے ہاتھ کھڑے کرکے مذمتی قرارداد کی متفقہ منظوری دی۔ قرارداد کے ذریعے چترال کے لیجنڈری پولو پلیئر اور چترال پولو ایسوسی ایشن کے منتخب صدر شہزادہ سکندر الملک کی قيادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اور قرارداد میں صدر کاشف ضیاء، ان کی کابینہ اور تمام خطوں کے پولو پلیئرز نے متفقہ طور پر اعلان کیا کہ چترال پولو ایسوسی ایشن کے قانونی و آئینی صدر آج بھی شہزادہ سکندر الملک ہی ہیں اور تمام کھلاڑی کسی بھی غیر آئینی یا خود ساختہ نام نہاد صدر کو تسلیم کرنے کے لیے ہرگز تیار نہیں۔
شرکاء نے متنبہ کیا کہ اس قسم کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات چترال اور پورے خطے میں پولو جیسے تاریخی کھیل کو تباہ و برباد کرنے کا باعث بنیں گے، اور اگر کھلاڑیوں کی دل شکنی کا یہ سلسلہ بند نہ ہوا تو پولو پلیئرز اپنے قیمتی گھوڑے بیچ کر اس روایتی کھیل کو خیرباد کہنے پر مجبور ہو جائیں گے۔
اجلاس میں سیکرٹری اسپورٹس اینڈ ٹورزم خیبر پختونخوا سے پرزور مطالبہ کیا گیا کہ اس غیر قانونی اور نام نہاد حکم نامے کو بلا تاخیر منسوخ کیا جائے، بصورتِ دیگر چترال اور گلگت بلتستان کے تمام پولو پلیئرز باہم متحد ہو کر سخت اور وسیع پیمانے پر احتجاجی تحریک چلانے پر مجبور ہوں گے جس کی تمام تر ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوگی۔
