
بورڈ امتحانات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے پولیس اہلکاروں کے بچوں کے اعزاز میں تقریب
چترال (چترال ایکسپریس) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) لوئر چترال، ریشم جہانگیر (پی ایس پی) کی جانب سے انٹرمیڈیٹ بورڈ امتحانات میں فرسٹ ڈویژن اور نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والے لوئر چترال پولیس کے افسران و اہلکاروں کے بچوں کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا بنیادی مقصد تعلیمی میدان میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء کی حوصلہ افزائی اور ان
کی خدمات کا اعتراف تھا۔
تقریب میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلباء و طالبات نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈی پی او لوئر چترال نے تمام کامیاب طلباء کو مبارکباد دی اور ان کی محنت و قابلیت کو سراہا۔
ڈی پی او لوئر چترال ریشم جہانگیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم ہی کسی بھی قوم کی ترقی اور کامیابی کی بنیاد ہے۔ باصلاحیت طلباء کی پذیرائی نہ صرف ان کے خود اعتمادی میں اضافہ کرتی ہے بلکہ دیگر بچوں کو بھی محنت اور اعلیٰ کارکردگی دکھانے کی ترغیب دیتی ہے۔
انہوں نے کامیاب طلباء کے والدین کو بھی خصوصی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کی اس کامیابی کے پیچھے ان کے والدین کی مسلسل محنت، بہترین رہنمائی اور قربانیاں شامل ہیں۔
تقریب کے اختتام پر ڈی پی او لوئر چترال نے پوزیشن ہولڈر طلباء و طالبات میں تعریفی اسناد اور انعامات بھی تقسیم کیے۔
