تازہ ترین

پولو ایسوسی ایشن لوئر چترال کی ری اسٹرکچرنگ کا خیرمقدم، سرکاری سرپرستی سے کھیل کا مستقبل محفوظ ہوگیا: پولو کھلاڑی

چترال (چترال ایکسپریس) پولو ایسوسی ایشن لوئر چترال کے منتخب ممبر معیزالدین بہرام اور ویٹرن ممبران الطاف علی شاہ، سکندر خان اور حلیم نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورزم اتھارٹی کی جانب سے پولو ایسوسی ایشن کی ری اسٹرکچرنگ اور نئی ساخت کے نوٹیفکیشن کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ کور کمانڈر پشاور اور صوبائی حکومت کی سرپرستی سے چترال میں پولو کا مستقبل مزید محفوظ اور اس کھیل کی ترقی کے نئے امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔
چترال پولو ٹیم کے سابق کپتان ظفر علی شاہ، مقبول علی خان، پولو کوچ آفتاب عالم خان اور معروف پولو کھلاڑی علی قلی خان کے ہمراہ ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پولو کے کھلاڑیوں اور شائقین کا دیرینہ مطالبہ تھا کہ اس کھیل کو باضابطہ طور پر سرکاری سرپرستی حاصل ہو تاکہ دنیا کے مہنگے ترین کھیلوں میں شمار ہونے والے پولو کو چترال میں مستقل اور منظم بنیادوں پر فروغ دیا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے حالیہ اقدام پولو کے حلقوں کے لیے باعث مسرت اور اطمینان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض حلقوں کی جانب سے سویلین اور سرکاری کھلاڑیوں کے درمیان تقسیم کی باتیں غیر ضروری ہیں، کیونکہ کھلاڑی کی شناخت اس کی کھیل سے ہوتی ہے، خواہ وہ فورسز کی ٹیم کی نمائندگی کرے یا کسی گاؤں کی ٹیم سے کھیلے۔
پولو ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے اس تاثر کی بھی تردید کی کہ نئی ساخت میں اختیارات چند ہاتھوں تک محدود ہوجائیں گے اور کھلاڑیوں کے مسائل کے حل کے لیے کوئی فورم موجود نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ منتخب نمائندے کمانڈنٹ چترال اسکاؤٹس، ڈپٹی کمشنر، کور کمانڈر پشاور اور سیکرٹری کلچر اینڈ ٹورزم سمیت متعلقہ حکام کے ساتھ اجلاسوں میں شرکت کرکے کھلاڑیوں کے مسائل زیادہ مؤثر انداز میں پیش کرسکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ شہزادہ سکندر الملک نے کئی دہائیوں تک پولو ایسوسی ایشن کے صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں، تاہم چترال کو اپر اور لوئر دو اضلاع میں تقسیم کیے جانے کے بعد پولو ایسوسی ایشن کی تقسیم بھی انتظامی طور پر فطری امر ہے۔ ان کے مطابق شہزادہ سکندر الملک کا ڈومیسائل اپر چترال کا ہونے کے باعث لوئر چترال پولو ایسوسی ایشن کے معاملات سے ان کا براہ راست تعلق نہیں بنتا۔
پولو ایسوسی ایشن لوئر چترال کے عہدیداران اور معروف پولو کھلاڑیوں نے چترال میں پولو کے فروغ میں خصوصی دلچسپی لینے پر کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پولو کی سرپرستی اور تعاون کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ بعد ازاں پولو کھلاڑیوں نے منتخب ہونے ممبران پولو ایسوسی ایشن لویر چترال کو پھولوں کا ہار پہنا کر خوشی کا اظہار کیا ۔

زر الذهاب إلى الأعلى
Ads Blocker Image Powered by Code Help Pro

Ads Blocker Detected!!!

We have detected that you are using extensions to block ads. Please support us by disabling these ads blocker.

Powered By
Best Wordpress Adblock Detecting Plugin | CHP Adblock

اشتہارات بند کیوں ہیں؟۔

براہِ کرم ہمارے پلیٹ فارم کو سپورٹ کرنے کے لیے اشتہارات کو روکنے والی ایپ بند کر دیں۔ آپ کی معاونت ہمارے لیے اہم ہے۔