
لوئر چترال، پولیس افسران کے اعزاز میں تقریب، ترقی پانے والے اہلکاروں کو رینک بیجز لگا دیے گئے
چترال (چترال ایکسپریس): ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) لوئر چترال ریشم جہانگیر (PSP) کی زیرِ صدارت ڈی پی او آفس بلچ میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر سے سب انسپکٹر کے عہدے پر ترقی پانے والے پولیس افسران کے اعزاز میں ایک وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں
ایس پی ایلیٹ فورس عتیق الرحمن، ایس ڈی پی او سرکل چترال احمد عیسیٰ، ایس ڈی پی او سرکل دروش سجاد حسین، ڈی ایس پی لیگل شیر محسن الملک، ڈی ایس پی سی ٹی ڈی قیوم خان اور دیگر پولیس افسران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کے دوران ترقی پانے والے افسران کے والدین اور اہل خانہ نے ڈی پی او لوئر چترال کے ہمراہ اپنے پیاروں کے کندھوں پر ترقی کے رینک بیجز لگائے۔ اپنے عزیزوں کو ترقی کا نیا رینک ملنے پر والدین اور اہل خانہ کے لیے یہ لمحات باعثِ فخر اور مسرت سے بھرپور تھے، جبکہ تقریب میں فخر اور خوشی کے جذبات نمایاں نظر آئے۔
اس موقع پر ڈی پی او لوئر چترال ریشم جہانگیر نے ترقی پانے والے تمام افسران اور ان کے اہل خانہ کو دلی مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے امید ظاہر کی کہ تمام افسران اپنی نئی ذمہ داریوں کو مزید محنت، لگن، دیانت داری اور فرض شناسی کے ساتھ نبھاتے ہوئے عوام الناس کی خدمت اور محکمہ پولیس کی نیک نامی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔
تقریب کے اختتام پر حاضرین اور پولیس اہلکاروں نے ترقی پانے والے افسران کو مبارکباد پیش کی اور ان کے لیے مستقبل میں مزید کامیابیوں کی دعا کی۔
