تازہ ترین

یونیورسٹی آف چترال میں ’’ہرزنگ سینٹر فار اسکلز، انوویشن اینڈ انٹرپرینیورشپ‘‘ کا افتتاح

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حاضِر اللہ نے سینٹر کا افتتاح کیا، طلبہ کو مفت فنی و پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی جائے گی۔

چترال(چترال  ایکسپریس)یونیورسٹی آف چترال میں طلبہ کو جدید فنی، پیشہ ورانہ اور مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے قائم کردہ ’’ہرزنگ سینٹر فار اسکلز، انوویشن اینڈ انٹرپرینیورشپ‘‘ کا افتتاح وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حاضِر اللہ نے کیا۔ اس موقع پر فاؤنڈیشن فار ایمپاورنگ اسٹوڈنٹس (FES) کے پروگرام منیجر جناب عالمگیر خان، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن و سینٹر کے فوکل پرسن ڈاکٹر ندیم حسن، فیکلٹی ممبران اور یونیورسٹی کے دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔

یہ جدید اور کثیرالمقاصد سینٹر فاؤنڈیشن فار ایمپاورنگ اسٹوڈنٹس (FES)، ہرزنگ فیملی، ورلڈ وائیڈ ایجوکیشن فاؤنڈیشن (WEF)، امریکہ اور ورلڈ وائیڈ ایجوکیشن فنڈ (WEFC)، کینیڈا کے تعاون سے قائم کیا گیا ہے۔ اس سینٹر کے تحت یونیورسٹی آف چترال اور اس سے منسلک کالجوں کے طلبہ کو مختلف ڈپلومہ کورسز، سرٹیفکیٹ پروگرامز اور پیشہ ورانہ تربیت کے مواقع مفت فراہم کیے جائیں گے، تاکہ طلبہ اپنی روایتی تعلیمی ڈگریوں کے ساتھ ساتھ عملی اور مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق مہارتیں بھی حاصل کر سکیں۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حاضِر اللہ نے اس منصوبے کے قیام کو ایک دیرینہ خواب کی تعبیر قرار دیا اور اس اہم اقدام کو عملی شکل دینے میں جناب عالمگیر خان اور ڈاکٹر ندیم حسن کی انتھک کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں محض روایتی تعلیمی اسناد کافی نہیں بلکہ طلبہ کے لیے عملی، فنی اور پیشہ ورانہ مہارتوں کا حصول بھی ناگزیر ہے۔ یہ سینٹر طلبہ کو بین الاقوامی ماہرین، تربیت یافتہ اساتذہ اور یونیورسٹی کی فیکلٹی کی رہنمائی میں جدید مہارتیں سیکھنے کے بہترین مواقع فراہم کرے گا۔

وائس چانسلر نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اس سہولت سے بھرپور استفادہ کریں اور اپنی چار سالہ تعلیمی ڈگری کے ساتھ ساتھ عملی مہارتوں کے حصول کو بھی اپنی ترجیحات میں شامل کریں، تاکہ مستقبل میں انہیں روزگار، کاروبار اور پیشہ ورانہ زندگی میں بہتر مواقع میسر آ سکیں۔

تقریب کے دوران فاؤنڈیشن فار ایمپاورنگ اسٹوڈنٹس (FES) کے پروگرام منیجر جناب عالمگیر خان نے سینٹر کے تحت پیش کیے جانے والے مختلف ڈپلومہ پروگرامز، سرٹیفکیٹ کورسز اور تربیتی مواقع کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے داخلے کے طریقہ کار، اہلیت کے معیار اور دستیاب سہولیات سے بھی شرکاء کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر شعبہ کمپیوٹر سائنس کے سربراہ ڈاکٹر نظام نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے پروگرام کی کامیابی اور تسلسل کے لیے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حاضِر اللہ نے سینٹر کے قیام میں نمایاں کردار ادا کرنے پر جناب عالمگیر خان کو یادگاری شیلڈ پیش کی اور ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

زر الذهاب إلى الأعلى
Ads Blocker Image Powered by Code Help Pro

Ads Blocker Detected!!!

We have detected that you are using extensions to block ads. Please support us by disabling these ads blocker.

Powered By
Best Wordpress Adblock Detecting Plugin | CHP Adblock