
اپر چترال میں جمعیت علمائے اسلام کا مہنگائی کے خلاف احتجاجی جلسہ، بھرپور تحریک چلانے کا اعلان
اپر چترال (جمشیداحمد) ملک میں بڑھتی ہوئی کمر توڑ مہنگائی کے خلاف جمعیت علمائے اسلام اپر چترال کے زیرِ اہتمام جمعہ کے روز نمازِ جمعہ کے بعد وریجون بازار میں ایک احتجاجی جلسہ منعقد ہوا۔ جلسے کی صدارت امیر جمعیت علمائے اسلام اپر چترال مولانا محمد یوسف نے کی۔
احتجاجی جلسے میں
جمعیت علمائے اسلام کے کارکنان، علمائے کرام اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مقررین نے اپنے خطابات میں حالیہ مہنگائی کو عوام پر حکومت کی جانب سے مسلط کردہ ظلم، ناانصافی اور ناقص معاشی پالیسیوں کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مہنگائی نے غریب اور متوسط طبقے کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔
مقررین نے کہا کہ اشیائے خورونوش، بجلی، گیس اور دیگر بنیادی ضروریات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ عوام کی قوتِ خرید سے باہر ہو چکا ہے، جبکہ حکومت عوامی مسائل کے حل میں مکمل طور پر ناکام نظر آتی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ مہنگائی کے خلاف بھرپور عوامی تحریک چلائی جائے گی اور عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کی جائے گی۔
جلسے سے سیکرٹری جمعیت علمائے اسلام اپر چترال مولانا فدا الرحمن، جے یو آئی رہنما شمس الرحمن، سماجی شخصیت محمد علی شاہ اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔
آخر میں امیر جمعیت علمائے اسلام اپر چترال مولانا محمد یوسف نے صدارتی خطاب کیا اور ملک کی سلامتی، عوامی خوشحالی اور مہنگائی کے خاتمے کے لیے خصوصی دعا کی، جس کے بعد جلسہ اختتام پذیر ہوا۔
