
ریشن: بجلی کے سنگین ٹیرف کے خلاف احتجاج، شاہراہ 2 گھنٹے بند رہنے کے بعد بحال، علامتی بھوک ہڑتال کا آغاز
اپرچترال (شہزاد احمد): ریشن پاور کمیٹی کے زیرِ اہتمام بجلی کے بھاری اور ظالمانہ ٹیرف کے خلاف عوام کا احتجاجی تحریک تیز ہو گئی ہے۔ آج ریشن کے مقام پر ایک بڑا احتجاجی جلسہ منعقد کیا گیا، جس میں مقامی لوگوں نے بڑی تعداد میں
شرکت کر کے شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔
احتجاج کے دوران مشتعل مظاہرین نے ریشن کے مقام پر مرکزی شاہراہ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا، جس کی وجہ سے دو گھنٹے تک سڑک پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی رہیں۔ تاہم، بعد میں انتظامیہ سے مذاکرات کے بعد سڑک کو ٹریفک کے لیے کھول کر روانی بحال کر دی گئی۔
احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ریشن کے عوام کو مقامی بجلی گھر سے پیدا ہونے والی بجلی کے لیے بلاجواز اور بھاری ٹیرف وصول کرنا ناانصافی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اور متعلقہ حکام فوری طور پر ٹیرف میں معقول کمی کا اعلان کریں۔
پاور کمیٹی نے اپنے مطالبات کے حق میں باقاعدہ علامتی بھوک ہڑتال کا آغاز کر دیا ہے، جو کمیٹی کے مطابق 24 ستمبر تک جاری رہے گی۔ پاور کمیٹی نے خبردار کیا ہے کہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاجی تحریک کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جائے گا۔
