
چترال اورغوچ روڈ کی عدم بحالی؛ ڈوم شوغور کے مکینوں کا انتظامیہ کو 10 روز کا الٹی میٹم، ذاتی اراضی سے راستہ بند کرنے کا اعلان
چترال (چترال ایکسپریس) چترال شہر کے نواحی گاؤں ڈوم شوغور کے باشندوں نے محکمہ مواصلات و تعمیرات (سی اینڈ ڈبلیو) اور ضلعی انتظامیہ کو 10 دنوں کا حتمی نوٹس دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ مقررہ مہلت ختم ہونے کے بعد وہ چترال اورغوچ روڈ کو اپنی ذاتی زرعی اراضی سے گزرنے کی مزید اجازت نہیں دیں گے۔
ضلعی انتظامیہ اور محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کے نام جاری کردہ تحریری نوٹس میں متاثرہ زمین مالکان نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ رواں سال جولائی میں جوغور گول میں سیلاب اور دریائے چترال میں طغیانی کے باعث
اورغوچ روڈ کا ایک حصہ دریا برد ہو کر منقطع ہو گیا تھا۔ اس موقع پر محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کی درخواست پر ملحقہ زمینوں کے مالکان نے وسیع تر عوامی مفاد کے پیش نظر عارضی طور پر اپنی ذاتی زرعی اراضی سے ٹریفک گزرنے کی اجازت دی تھی۔
اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ اب دریا میں پانی کی سطح انتہائی کم ہو چکی ہے اور واقعے کو چھ ماہ کا طویل عرصہ بھی گزر چکا ہے، تاہم متعلقہ محکمے کی جانب سے تاحال متاثرہ سڑک کی مستقل بحالی پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ دوسری جانب علاقے میں گندم کی بوائی کا موسم تیزی سے گزر رہا ہے جس سے مقامی کاشتکاروں کو شدید مالی نقصان کا سامنا ہے۔
نوٹس میں دوٹوک الفاظ میں تنبیہ کی گئی ہے کہ 10 روزہ مہلت گزرنے کے بعد زمین مالکان اپنی اراضی پر کاشت کاری شروع کرنے پر مجبور ہوں گے اور اس معاملے پر کسی بھی محکمے سے مزید مذاکرات کر کے وقت ضائع نہیں کیا جائے گا۔ زمین مالکان نے واضح کیا ہے کہ مقررہ مدت کے بعد سڑک کی بندش اور عوام کو پیش آنے والی مشکلات کی تمام تر ذمہ داری سو فیصد محکمہ سی اینڈ ڈبلیو پر عائد ہوگی۔
