
پشاور میں بچوں کی ا موات کی پولیو ویکسینشن سے جوڑنے کی اطلاعات مسترد، پولیو ویکسین محفوظ ترین ہے ۔عاطف الرحمن
پشاور(چترال ایکسپریس)ایمرجنسی آپریشن سنٹرخیبرپختونخوا کے کوآرڈینیٹرعاطف رحمان نے پشاور میں بچوں کی ا موات کی پولیو ویکسینشن سے جوڑنے کی اطلاعات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں استعمال ہونے والی پولیو ویکسین محفوظ ترین ہے جس کا اندازہ اس امرسے لگایاجاسکتا ہے کہ پاکستان میں اب تک اس ویکسین کے ٹیکوں کی1کروڑ10لاکھ اور قطروں کی 10 ارب سے زائد خوراکیں دینے کے باوجودملک بھر میں کہیں سے بھی اس ویکسین کے استعمال سے کسی قسم کا ری ایکشن یا منفی اثرات سامنے نہیں آئے ہیں جبکہ کم و بیش دنیا کے تمام ممالک نے اسی ویکسین کے استعمال سے پولیو کا مکمل خاتمہ کیاانہوں نے ان خیالات کا اظہار ایمرجنسی آپریشن سنٹر میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خظاب کے دوران کیا اس موقع پر ای پی آئی ڈائریکٹر ڈاکٹر اکرم شاہ، یونیسیف کے ڈاکٹر جوہرخان، بی ایم جی ایف کے ڈاکٹر امتیاز علی شاہ،انسداد پولیو کے صوبائی افسر ڈاکٹر علاؤالدین،ڈبلیو ایچ او کے ڈاکٹر عبدی ناصر اور دیگر اعلی حکام بھی موجود تھے عاطف رحمان نے کہا پشاور کے علاقہ بوستان آباد میں بچے کی افسوس ناک موت پردکھ اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایمرجنسی آپریشن سنٹر غمزدہ خاندان کے غم میں برابرکے شریک ہیں تاہم اس کی وفات کو پولیو ویکسینشن سے جوڑنا افسوسناک اور غلط فہمی پر مبنی ہے انہوں نے کہا کہ بوستان آباد کے واقعہ کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق چار ماہ کا شہرام ولد عرفان ساکن بوستان آباد گذشتہ شب طبی پیچیدگی کی بنا پر خالق حقیقی سے جا ملاجس کی تفصیلات کی ابھی تصدیق نہیں ہوئی اس واقعہ کے بعد میڈیا رپورٹس سامنے آنے پر محکمہ صحت حکومت خیبر پختونخوا عابد مجید نے فوری طورپر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کی سربراہی میں ایک اعلی سطحی تحقیقاتی کیمٹی تشکیل دی جس میں ڈپٹی کمشنر پشاور کے نمائندہ اور 2ماہرین امراض اطفال شامل ہیں اس کمیٹی کو آئندہ 48گھنٹوں کے اندر اندر اپنی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے عاطف رحمان نے کہا کہ پاکستان اور خصوصی خیبرپختونخوا سے پولیو کے موذی مرض کے خاتمہ میں جو نمایاں کامیابیاں حاصل کی گئی ہیں یہ میڈیا کے دوستوں کے قابل قدر تعاون کے بغیر ممکن نہ تھیں اور اس مرحلہ پر بھی ہم ان سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ کمسن ریحان کی افسوسناک موت کے محفوظ ترین پولیو ویکسین سے کسی قسم کے تعلق کی افواہوں پر کان دھرنے کی بجائے اس اعلیٰ سطحی تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ کا انتظار کریں ای او سی کوآرڈینٹر نے کہا کہ ایمرجنسی آپریشن سنٹر نے مزید کہا کہ 23اپریل سے پشاور میں شروع ہونے والی خصوصی انسداد پولیو مہم کے دوران اب تک شاہین مسلم ٹاؤن یونین کونسل کے 2781بچوں سمیت پشاور بھر میں 1لاکھ86 ہزار4سو59بچوں کو پولیو ویکسین کے ٹیکے لگائے گئے ہیں جس کے دوران پشاور بھر میں کہیں سے بھی ری ایکشن یا منفی اثرات کی اطلاع نہیں ملی انہوں نے کہا کہ پولیو کا مرض نہ صرف ہمارے پھول جیسے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے دوچار کررہاہے بلکہ عالمی برادری میں وطن عزیز کی بدنامی کا بھی باعث بن رہا ہے پولیو کا خاتمہ ایک قومی مشن ہے اورہمیں یقین ہے کہ ہمارے میڈیا کے معزز دوست اس مقدس فریضہ میں حسب سابق ہمارے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے۔
