سانحہ منیٰ میں شہید پاکستانیوں کی تعداد 40 ہوگئی

مکہ مکرمہ(نیٹ ڈیسک)پانچویں روز بھی لاپتا حاجیوں کے لواحقین اپنے پیاروں کی خبر ملنے کے منتظر، حج ڈائیریکٹوریٹ نے ہیلپ لائن قائم کر دی۔ پاکستانی سفیر کہتے ہیں کہ حجاج کی واپسی کے عمل سے لاپتا حجاج کی تلاش میں مدد ملے گی۔ سانحہ منیٰ کو پانچ روز گزر جانے کے باوجود لواحقین کو اپنے پیاروں کی خبر نہیں مل سکی ہے۔ اُدھر سانحے میں شہید ہونے والے پاکستانیوں کی تعداد 40 تک جا پہنچی ہے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر وزارت مذہبی امور نے ہیلپ لائن قائم کر دی ہے۔ معلومات کے لئے ٹول فری نمبر 042111725425 اور بیرون ممالک سے فون کرنے والوں کیلئے رابطہ نمبر 8001166622 دیا گیا ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے وزارت مذہبی امور کی سعودی عرب میں قائم ہیلپ لائن پر کال کر کے سروس کے معیار کا جائزہ لیا اور لاپتہ حجاج کی تلاش موثر بنانے کی ہدایت کی۔ ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے شہید اور لاپتا پاکستانی حجاج کرام کے لئے سعودی عرب میں قائم کی جانے والی ہیلپ لائن پر نیویارک سے کال کی اور سروسز کے معیار کا جائزہ لیا۔ وزیراعظم نے وزارت مذہبی امور اور دیگر حکام کو لاپتا حجاج کی تلاش کے لئے موثر اقدامات کرنے کی ہدایت کی جبکہ لاپتا حجاج کرام کے لواحقین سے بھی فوری رابطہ کرنے کا حکم دیا ہے۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں

اترك تعليقاً

زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔