رائلٹی میں حصہ مانگنے پر غریب شخص کولہولہان کرد گیا؛ٹمبر مافیا کے خلاف کاروائی کی جائے/مجروح اور رشتہ داروں کا مطالبہ

دروش (نمائندہ چترال ایکسپریس) دروش بازار میں شیشی کوہ کے رہائشی شخص کو مارمار کر لہو لہان کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق شیشی کوہ کے گاؤں لاوٹ کے رہائشی کو شیشی کوہ سے ہی تعلق رکھنے والے مبینہ طور پر ٹمبر مافیا کے کارندوں نے تشدد کا نشانہ بنایا اور لہو لہان کردیاجسے زخمی حالت میں دروش ہسپتال میں داخل کردیا گیا ۔ ہسپتال کے بستر پر موجودگلاب خان ولد کریم جان سکنہ لاٹور شیشی کوہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شیشی کوہ کے علاقہ کوٹک کے نواحی جنگل میں ٹمبر مافیا کی پشت پناہی سے جنگل کی بے دریغ کٹائی کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگلات کی رائلٹی کی مد میں مجروح اور اسکے رشتہ دار پانچ گھرانوں کو مبلغ آٹھ لاکھ روپے دینے ہیں مگربا اثر ٹمبر مافیا ہمیں ہمارا حق دینے سے انکاری ہے ۔ انہوں نے کہا اس سلسلے میں وہ دروش تھانے میں درخواست دینے کے لئے آئے تھے کہ دروش بازار میں ٹمبر مافیا کے کارندے عبدالقدوس نے اپنے دیگر ساتھیوں سمیت ان پر قا تلانہ حملہ کردیا۔ دروش پولیس نے اس واقع پر نامزد ملزمان کے خلاف علت نمبر 538 کے تحت زیر دفعات 506, ، 147، 149 وغیرہ رپورٹ درج کی ہے اور ملزمان عبدالقدوس ولد امیر حمزہ، محی الدین ولد صابر خان، قادر نواز ولد عبدالستار ،زین العابدین ولد قادر نواز کو گرفتارکر دیا ہے جبکہ مزید کاروائی میڈیکل رپورٹ آنے کے بعد کی جائے گی۔ ہسپتال میں موجود مجروح شخص کے رشتہ داروں نے میڈیا کو بتایا کہ شیشی کوہ ویلی کے شیراٹی گاؤں میں ’’اسکی گول ‘‘کے مقام پر بااثر ٹمبر مافیا نے جنگلات کی کٹائی کا سلسلہ جاری رکھا ہوا اور قومی دولت کا صفایا کیا جارہا ہے مگر محکمہ جنگلات والے ٹمبر مافیا کے دست نگر ہونے کی وجہ سے چشم پوشی کر رہے ہیں ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ٹمبر مافیا میں گجر برادری سے تعلق رکھنا والا شخص جوکہ دروش میں مقیم ہے نہ صرف جنگلات کی تباہی کے پیچھے ہے بلکہ اسی کے ایماء پر غریب لوگوں پر ظلم وستم ڈھایا جارہا ہے، مذکورہ شخص اس وقت مختلف اداروں سے اپنے تعلقات کا سہارا لیکر سنگین کرپشن میں ملوث ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اپنا حق مانگنے پر غریب شخص کو جان سے مارنے کی کوششیں کرنے والے ملزمان اور اصل ذمہ دار ٹمبر مافیا کے خلاف سخت اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے الزام لگا یا ۔ اس حوالے سے متاثرہ گھرانوں کے افراد نے کہا کہ شیشی کوہ کے مختلف جنگلات میں ہوئے سنگین کرپشن کی تحقیقات کرائے جائیں اور ملوث افراد کو سخت سزا دیجائے جنہوں نے غریبوں کا حق ما رکر اپنے لئے محلات تعمیر کئے ہیں۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں

اترك تعليقاً

زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔