
دروش میں نامعلوم چوروں نے دکانوں کے تالے توڑ کر لاکھوں اڑا لیے
دروش (نمائندہ چترال ایکسپریس) دروش میں چوری کے واردات میں نامعلوم افراد نے کم از چار دکانوں کے تالے توڑ ڈالے۔ تفصیلات کے مطابق تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال دروش کے قریب واقع میڈیکل مارکیٹ میں واقع دکانوں کے تالے توڑ کر نا معلوم افراد نے لاکھوں روپے اڑ ا لئے۔ جمعرات اور جمعے کے درمیانی شب نامعلوم چوروں نے کم از کم چار دکانوں کے تالے توڑ دئیے۔
میر عالم میڈیکل سٹور کے مالک کے مطابق انکے دکان سے پانچ لاکھ روپے سے زائد نقدی اڑا لئے گئے ہیں جبکہ ایک میڈیکل لیبارٹری میں موجود قیمتی مائیکروسکوپ توڑ دی ہے جسکی قیمت چھ لاکھ روپے بتائی گئی ہے، قدیر میڈیکل سٹور کا مالک موقع پر موجود نہیں اسلئے وہاں پر ہونے والے چوری کی بابت معلومات نہیں ملیں۔ میڈیا سے باتیں کرتے ہوئے متاثرہ دکانداروں نے کہا کہ وہ جمعہ کے روز علی الصبح حسب معمول کاروبار کے لئے آئے مگر جب یہاں پہنچے تو دکانوں کے تالے ٹوٹے پائے ۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دو افراد نے تھانے میں رپورٹ درج کرکے پانچ لاکھ ستر ہزار روپے چوری ہونے کی رپورٹ درج کی ہے۔ اس سے ایک روز قبل نامعلوم افراد نے نیو بازار دروش میں ایک موبائل دکان کے تالے توڑ کر کم از کم چالیس موبائل چوری کر لئے ۔
