تازہ ترین

کلمے کے ساتھ اگر کوئی اپنے مادر وطن کے دفاع اور دوسرے امور میں خدمات انجام دینے میں کردار ادا کرتا ہے ۔ تو اُس کا مقام اور بھی بڑھ جاتا ہے۔کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس کرنل نظام الدین شاہ

چترال (نمائندہ چترال ایکسپریس)کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس کرنل نظام الدین شاہ نے کہا ہے ۔ کہ 6ستمبر تجدید عہد کا دن ہے ۔ جس روز پاکستان کے جذبہ اسلام اور حب الوطنی سے سرشار آفیسرز اور جوانوں اور عوام نے مادر وطن کیلئے لازوال قربانی دی ۔ اور دُشمن کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا ۔ اور مملکت پاکستان ایسے ہی شہیدوں اور غازیوں کی قربانیوں کے طفیل تاقیامت زندہ اور تابندہ رہے گا ۔ اور اس کے سپوت قربانی کی یاد تازہ کرتے رہیں گے ۔ ہمیں اُن عظیم سپوتوں پر فخر ہے ۔ اور ہم اُن کو سلام پیش کرتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایکس سروس مین ایسوسی ایشن کے صدر کرنل (ر ) سردار محمد خان اور ممبران کے زیر اہتمام یوم دفاع کی مناسبت سے ضلع کونسل ہال چترال میں منعقدہ ایک تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ اللہ رب العزت نے ہمیں ایک عظیم کلمہ عطا فرمایا ہے ۔ اور اسی کلمے کی بنا پر انسان کا مرتبہ بہت بلند ہے ۔ اس کلمے کے ساتھ اگر کوئی اپنے مادر وطن کے دفاع اور دوسرے امور میں خدمات انجام دینے میں کردار ادا کرتا ہے ۔ تو اُس کا مقام اور بھی بڑھ جاتا ہے ۔ اُس میں ملٹری ، سیاست دان اور عوام سب شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ چترال کے مجاہدین ، غازیوں میں آج بھی جذبہ موجزن ہے ۔ اور ان کی طاقت اور حوصلہ اپنے دُشمن کے مقابلے میں دس گنا زیادہ ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ اس مٹی کی حفاظت کیلئے جس طرح ہمارے بڑوں نے قربانی دی ۔ اُسی قربانی کی اس ملک کیلئے ہر لمحہ ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ ہم یہ عہد کرتے ہیں ۔ کہ پاکستان کی سالمیت ، بقا اور ترقی کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔ اور اپنا تن من دھن اس پر نچھاور کرتے رہیں گے ۔ اس موقع پر کرنل (ر) سردار محمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا ۔ کہ چھ ستمبر کا یہ دن چترال میں پہلی مرتبہ ایکس سروس مین ایسو ایشن کے زیر اہتمام جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے ۔ تاہم اُنہیں افسوس ہے ۔ کہ ضلعی انتظامیہ کا کوئی ذمہ دار اس میں شریک نہیں ہوا ۔ اور ایم این اے اور دیگر نمایندگان نے شرکت نہیں کی ۔ حالانکہ اُنہیں دعوت دی گئی تھی ۔ انہوں نے کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس کو تقریب میں شرکت کرنے اور ایکس سروس مین ایسو سی ایشن کی ہر ممکن مدد کرنے پر اُن کا شکریہ ادا کیا ۔ اور کہا ۔ کہ کرنل نظام الدین شاہ نے سیلاب اور زلزلے سے متاثرہ ایکس سروس مین کو ریلیف دینے میں بھی اُن کے ساتھ بھر پور تعاون کیا ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ 1965کی جنگ کو انہوں نے ایک سٹوڈنٹ کی نظر سے دیکھا ۔ اُس وقت پاکستان کے عوام کا جوش و جذبہ دیکھنے سے تعلق رکھتا تھا ۔ جو کہ آج تک زندہ و تابندہ ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ اگرچہ اُن کے دور ملازمت میں 1971 کی جنگ ا ور کارگل کی جنگیں لڑی گئیں ۔ لیکن اُنہیں ان جنگوں میں حصہ لینے کا موقع نہیں ملا ۔ کرنل (ر) سردارنے کہا ۔ کہ یہ ہمارے لئے خوشی کا مقام ہے ۔ کہ 1965کی جنگ کے ہیروز آج بھی ہم میں موجود ہیں ۔ اور ان کی موجود گی اور حربی تجربات موجودہ نسل میں حب الوطنی کے جذبے کو بڑھاوا دینے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں ۔ کرنل سردار نے کہا ۔ کہ ایکس سروس مین کو 25فیصد اسپیشل پے اور 25فیصد اوٹ ڈور پیشنٹ الاونس کا مسئلہ درپیش ہے ۔ اس کیلئے کافی کوشش کے باوجود ابھی تک مسئلہ حل طلب ہے ۔ اس سلسلے میں کیس بنا کر سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اور سابق ایم این اے شہزادہ محی الدین کی وساطت سے سیکرٹری فنانس تک بات پہنچا دی گئی ہے ۔ اور اب مشیر وزیر اعظم امیر مقام کے ذریعے وزیر اعظم کو درخواست پیش کی جائے گی ۔ اس سلسلے میں امیر مقام سے بات ہو چکی ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ ایکس سروس مین کے پلیٹ فارم سے ڈیڑھ سو افراد کو مختلف جاب دینے میں کامیابی ہوئی ہے ۔ اور انشا اللہ آیندہ اس کو مزید مضبوط کرکے مسائل حل کریں گے ۔ قبل ازین ایکس سروس مین ایسو سی ایشن نے یوم دفاع کے حوالے سے ایک ریلی نکالی ۔ اور پاکستان زندہ باد ،پاک فوج زندہ باد کے نعروں کی گونج میں پریڈ گراؤنڈ تک گئے ۔ جہاں انہوں نے انہوں نے ایم کیو ایم کے سابق رہنما الطاف حسین کا پُتلا جلایا ۔ اور اُن کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا ۔ یوم دفاع کے حوالے سے ہیڈ کوارٹر چترال سکاؤٹس میں خصوصی ضیافت کا اہتمام کیا گیا ۔ جس میں آفیسران ، ایکس سروس مین ، اور صحافیوں نے شرکت کی ۔


اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں

متعلقہ مواد

اترك تعليقاً

إغلاق