دکھی انسانیت کے خدمتگار…محمد شریف شکیب

ملک میں حالیہ تباہ کن سیلاب کے دوران سسکتی انسانیت کے مناظر ہر طرف دکھائی دے رہے تھے وہیں پر اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر انسانیت کو بچانے کے روح پرور مناظر بھی چشم فلک نے دیکھا۔مصیبت کی اس گھڑی میں جن فلاحی تنظیموں کے رضاکاروں نےخدمت خلق کی ناقابل فراموش مثال قائم کی ان میں الخدمت، آغاخان ایجنسی فار ہیبیٹاٹ اور ایدھی فاونڈیشن شامل ہیں۔لوگوں کو اعتماد ہے کہ ان کے عطیات میں ایک پائی کی بھی ہیرا پھیری نہیں ہوگی اور مستحق لوگوں تک ہی امداد پہنچے گی اس لئے وہ خود ہی ان اداروں کے پاس اپنے عطیات لاکر جمع کرتے ہیں۔خیبر پختونخوا میں جہاں جہاں سیلاب نے تباہی مچائی وہاں مقامی لوگوں ،فوج، پولیس اور سرکاری اداروں سے پہلے الخدمت اور فوکس کے رضاکار پہنچتے تھے۔الخدمت کے صوبائی صدر خالد وقاص نے بتایا کی سیلاب کے دوران ان کے سات ہزار رضاکاروں نے چھ ہزار سے زیادہ افراد کی جانیں بچا لیں اور ناہیں محفوظ مقامات پر منتقل کردیا۔متاثرہ علاقوں میں خیمہ بستیاں اور فلڈ ہسپتال قائم کئے گئے۔ایک ماہ کےدوران سوات، دیر، چترال، ڈیرہ، چارسدہ اور نوشہرہ میں اکیس ہزار خاندانوں کو خشک راشن پہنچا دئیے گئے۔لوگوں نے کھانے پینے کی چیزیں، برتن، گرم کپڑے اور بسترے اتنی بڑی تعداد میں الخدمت فاونڈیشن کے پاس لا کر جمو کرائے کہ انہیں رکھنے کی جگہ کم پڑ گئی۔متاثرین میں گیارہ سو سے زیادہ دیگیں پکا کر تقسیم کی گئیں۔الخدمت کے رضاکاروں نے متاثرین میں 600، خیمے، 900، ترپالی ، چار سو مچھر دانیاں، نو سو گرم کپڑوں کے جوڑے اور اٹھارہ سو کچن سیٹ تقسیم کئے۔سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض کی روک تھام کے لئے 75، فری میڈیکل کیمپ قائم کئے گئے۔ڈاکٹروں کی ٹیم نے 22 ہزار مریضوں کو طبی امداد اور مفت ادویات فراہم کیں۔الخدمت کی خدمات سے استفادہ کرنے والوں میں مسلمان، سکھ، عیسائی اور ہر مذہب، مسلک، عقیدے، زبان اورقومیت کے لوگ شامل تھے۔جن لوگوں کے گھر سیلاب سے تباہ ہوئے ہیں انہیں گھروں کی تعمیر نو کے لئے تعمیراتی سامان اور امداد بھی دی جائے گی۔الخدمت کی دکھی انسانیت کے لئے گراں قدر خدمات کو نہ صرف ملک کے اندر سراہا جا رہا ہے بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی انہیں پذیرائی مل رہی ہے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اپنے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران الخدمت کے صدر سے ملاقار کی۔ادارے کی بے لوث خدمات کو سراہا اور عالمی ادارے کی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔بلاشبہ دکھی انسانیت کی خدمت کے جذبے سے سرشار یہ ادارے اور ان کے رضا کار ہمارے ملک کا بیش قیمت اثاثہ ہیں۔اللہ تعالی انہیں مجبور انسانیت کی بے لوث خدمت جاری رکھنے کا مزید حوصلہ، توفیق اور ہمت عطا فرمائے۔ آمین

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔