یوتھ کمیونیکیشن فورم چترال کے زیر اہتمام عالمی یوم نوجوانان کے سلسلے میں تقریب کا انعقاد
چترال (نمائندہ چترال ایکسپریس ) یوتھ کمیونیکیشن فورم چترال کے زیر اہتمام عالمی یوم نوجوانان کے سلسلے میں منعقدہ تقریب میں اس بات پر زور دیا گیا کہ نوجوانوں کو جدید وقت کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے اور ماحول دوست مہارتوں (گرین اسکلز) کو اپناتے ہوئے اس دنیا کو ماحولیاتی طور پر پائیدار اور آب وہوا لحاظ سے مطابقت پیدا کرنے اپنی توانائی اور صلاحیتوں کا استعمال کریں تاکہ عمومی مسائل کا خاتمہ ہوسکے۔ آغٓ خان رورل سپورٹ پروگرام کے تعاون سے مقامی ہوٹل میں منعقد ہونے والی اس تقریب میں اپر اورلویر چترال کے اضلاع سے نوجوانوں کی کثیر تعداد کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی کی نمائندگی کرنے والے چیدہ چیدہ شخصیات نے شرکت کی جن میں اکیڈیمیا، میڈیا اور ڈویلپمنٹ سیکٹر قابل ذکر تھے۔ یوتھ کمیونیکیشن فورم چترال کے صدر فریدہ سلطاہ فری نے کہا
کہ اس دن کو منانے کا مقصد نوجوانوں کو ایک عزم نو کے ساتھ میدان عمل میں اترنے اور اپنی توانائیوں اور صلاحیتوں کومجتمع کرنے پر امادہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس فورم نے اپنی قیام کے بعد سے چترال میں یوتھ کو ایک موثر پلیٹ فارم مہیاکرنے کا بیڑا اٹھایا ہوا ہے جس کے فعال ممبران اپر اور لویر چترال کے تمام یونین کونسلوں میں پھیلے ہوئے ہیں اور یہ ضلعے میں یوتھ کا اپنی نوعیت کا پہلا فورم ہے۔ معروف عالم دین ڈاکٹر مولانا محیب نے قرآن وسنت کی روشنی میں نوجوانوں کی کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ اسلامی تعلیمات اور اسلامی تاریخ میں نوجوانوں کو مرکزی مقام حاصل ہے جس میں انہیں فعال شرکت کی ترغیب دلائی گئی ہے اور یہ ہر دور اور ہر مقام کے لئے کائناتی اصولوں پرمبنی ہیں۔ اس سال کی عالمی یوم نوجوانان کا مرکزی موضوع “گرین اسکلز”کے موضوع ماہر ماحولیات اور نا ن ٹمبر فارسٹ ڈیپارٹمنٹ کے اسسٹنٹ ڈائرکٹر اعجاز احمد نے نوجوان مردو خواتین کو ایک جامع پریزنٹیشن کے ذریعے ان ماحول دوست اور پیشہ ورانہ مہارتوں اورمواقع سے آگاہ کیا جن کے ذریعے وہ اس دنیا کو ماحولیاتی لحاظ سے محفوظ بنانے کے ساتھ ساتھ اپنی زندگی میں آسانی پیدا کرنے اور قدرتی وسائل سے بھر پور استفادہ کرسکتے ہیں۔
انہوں نے چترال کے ماحولیاتی اور جعرافیائی حالات کے تناظر میں گرین اسکلز کے حوالے سے شرکاء کو ان کی صلاحیتوں اور تعلیم واستعداد کے عین مطابق مواقع سے آگاہ کیا جس میں انہوں نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔خواتین کی انٹرپرینر شپ اور ہنر کے لئے نساء فاونڈیشن کے سی ای او بی بی نازیہ نے یوتھ خواتین کو سیلف ایمپلائمنٹ کے حوالے سے مواقع اور چیلنجز سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر چترال میں نوجوانوں کو درپیش مسائل کے حوالے سے ایک پینل ڈسکشن کا انعقاد بھی اس تقریب کا حصہ تھا جس کے شرکاء بی بی حمزہ، اختر حسین، ماہام امتیاز اور خورشید قصوری نے نوجوانوں کو درپیش مسائل کا ذکر کرتے ہوئے مینٹل ہیلتھ سمیت دوسرے مسائل کا ذکرکیا جوکہ بسا اوقات خودکشی کی نوبت تک جاپہنچاتے ہیں۔
مہمان خصوصی اور یونیورسٹی آف چترال کے پرووسٹ پروفیسر ڈاکٹر تاج الدین شرر نے یوتھ کی صلاحیتوں کی صحیح چینلائزیشن کے ذریعے انہیں معاشرے کا فعال اور مفید ممبر بنانے میں یوتھ فورم کی کوششوں کو سراہا اور عالمی دن کے حوالے سے ایک کامیاب تقریب منعقد کرنے پر منتظمیں کو مبارک باد دی۔