تازہ ترین

​موڑکہو ڈویلپمنٹ موومنٹ (MDM) کے ایک سال مکمل ہونے پر تقریب؛ نئی کابینہ کی حلف برداری

​اپر چترال (جمشید احمد)موڑکہو ڈویلپمنٹ موومنٹ (ایم ڈی ایم) کے قیام کا ایک سال مکمل ہونے اور نئی کابینہ کی حلف برداری کے سلسلے میں ایک پروقار تقریب زیلی وریجون موڑکہو میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں ایم ڈی ایم کے عہدیداروں سمیت موردیر سے کشم تک کے معتبرات اور شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

​تقریب کا باقاعدہ آغاز مولانا کرم الٰہی کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ ابتدائی کلمات پیش کرتے ہوئے ایم ڈی ایم کے صدر احسان علی شاہ نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور تنظيم کے ایک سال مکمل ہونے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں تنظیم کی سالانہ کارکردگی اور علاقے کی ترقی و فلاح کے لیے ایم ڈی ایم کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کا تفصیلی ذکر کیا۔

​تقریب کے صدرِ محفل سابق تحصیل ناظم میزہ عالم نے اپنے خطاب میں ایم ڈی ایم کی سالانہ کارکردگی پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے علاقے کے لیے تنظیم کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

​تقریب کے مہمانِ خصوصی سابق آر پی ایم معراج خان نے اپنے خطاب میں علاقے میں پانی کی کمی، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات اور سڑکوں کی ابتر صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے حکومتی فنڈز کے ذریعے سولرائزیشن نظام کے تحت علاقے کو پینے اور آبپاشی کے پانی کی فراہمی کا پرزور مطالبہ کیا۔

​دیگر مقررین، جن میں حاجی عبد الکبیر (سابق ہیڈ ماسٹر)، محمد حبیب، مولانا جاوید حسین، پرنس سلطان الملک، انسپکٹر محمد سلام، معروف سماجی شخصیت محمد علی شاہ، سابق چیئرمین حاجی حسین شاہ، مولانا قادر آزاد، سجاد احمد، پرنسپل محمد عزیز، موسیٰ حسین، مولانا جعفر، سیف اللہ، مہتر سرور الدین، امین اللہ اور امین الرحمن شامل تھے، نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے علاقے کے درپیش مسائل پر روشنی ڈالی اور باہمی اتحاد، اتفاق اور مل جل کر علاقے کی خدمت کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

​تقریب کے آخری مرحلے میں ایم ڈی ایم کی کابینہ کی تشکیلِ نو پر مشاورت کی گئی۔ متفقہ فیصلے کے تحت موجودہ کابینہ کو برقرار رکھنے کی منظوری دی گئی، جبکہ سابق جنرل سیکرٹری کی ذاتی مصروفیات کی بنا پر علیحدگی کے بعد وسیم ظفر کو نیا جنرل سیکرٹری منتخب کیا گیا۔

​حاجی عبد الکبیر نے نومنتخب کابینہ سے ان کے عہدوں کا باقاعدہ حلف لیا۔ تقریب کی نظامت کے فرائض ضیاء الدین اور سلطان حسین شاہ نے انجام دیے، جبکہ تقریب کا اختتام مولانا جعفر کے دعائیہ کلمات پر ہوا۔

زر الذهاب إلى الأعلى
Ads Blocker Image Powered by Code Help Pro

Ads Blocker Detected!!!

We have detected that you are using extensions to block ads. Please support us by disabling these ads blocker.

Powered By
100% Free SEO Tools - Tool Kits PRO