
خیبرپختونخوا میں حجاموں نے داڑھی کے ڈیزائن نہ بنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے داڑھی کے اسٹائل کو غیر اسلامی قرار دے دیا
پشاور(ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا میں حجاموں نے داڑھی کے ڈیزائن نہ بنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے داڑھی کے اسٹائل کو غیر اسلامی قرار دے دیا۔اس حوالے سے فرنٹیئر پروفیشنل ہیئر ڈریسر ایسوسی ایشن کے صدر محمد شریف نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ یہ فیصلہ صوبے بھر کے حجاموں کے اجلاس میں کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں موجود تمام شرکاء اس بات پر راضی ہوئےکہ وہ فرینچ، لائننگ یا دیگر کسی کٹ سمیت داڑھی کے مختلف ڈیزائن نہیں بنائیں گے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس فیصلے کے بعد پشاور میں حجاموں کی بڑی تعداد نے صارفین کی داڑھیوں کے اسٹائل بنانا چھوڑ دیئے ہیں۔
اس کے ساتھ ساتھ ایسوسی ایشن نے پشاور اور دیگر اضلاع میں پمفلٹ باٹنا شروع کردیئے ہیں جس میں ان سے داڑھی کے ڈیزائن نہ بنانے کی درخواست کی گئی جبکہ صوبائی دارالحکومت پشاور کے علاقے سکندر پورا، سرکلر روڈ، حسن نگری اور مختلف علاقوں میں حجاموں نے اپنی دکانوں کے دروازوں پر پمفلٹ آویزاں کردیئے ہیں، جس میں اس فیصلے پر رضا مندی ظاہر کی گئی ہے۔محمد شریف نے بتایا کہ ہم نے یہ فیصلہ بغیر کسی دباؤ کے آزادانہ طور پر کیا ہے اور داڑھی کے ڈیزائن بنانا اسلامی قوانین اور سنت کے خلاف ہے۔ایسوسی ایشن کے صدر نے امید ظاہر کی کہ حجام برادری اس معاملے میں تعاون کرے گی اور وہ داڑھی کے ڈیزائن بنانا روک دے گی اور اگر کسی نے یہ عمل نہیں روکا اور صارفین کی داڑھیوں کے ڈیزائن بنائے تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اس فیصلے پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے صوبائی اور ضلعی انتظامیہ سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔
