
یتیموں اور بے سہارا لوگوں کو شیلٹر فراہم کرنے کیلئے ڈویژنل سطح پر تیاری مکمل کر چکے ہیں۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان
پشاور(چترال ایکسپریس)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ یتیموں اور بے سہارا لوگوں کو شیلٹر فراہم کرنے کیلئے ڈویژنل سطح پر تیاری مکمل کر چکے ہیں۔ وویمن چیمبر سے جلد ملاقات کر وں گا۔ آئس اور دیگر نشوں کے خلاف سخت قانون سازی اور اس پر عمل درآمد کیا جائے گا۔ خواتین کے مسائل کے حل کیلئے تجاویز دیں ۔ ان خیالات کا اظہار آج انہوں نے صوبائی اسمبلی میں خواتین ایم پی ایز کے ایک وفد سے
بات کر تے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ جمعہ کا دن تمام ایم پی ایز بشمول خواتین ایم پی ایز کیلئے مختص کیا ہے اور صوبائی حکومت تمام صوبائی اسمبلی ممبران خصوصاً خواتین ممبران کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ خواتین ممبران ہمارے لئے قابل قدر و احترام ہیں۔ حکومت ان کے مسائل پر خصوصی توجہ مرکوز کر رہی ہے اور ان کو قومی دہارے میں برابری کے ساتھ شامل کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ شیلٹر ہومز کو پورے صوبے میں پھیلایا جائے گااور ہر ڈویژنل سطح پر بے گھر اور بے بس افراد کیلئے شیلٹر ہومز کا اجراء جلد سے جلد ممکن بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ منشیات کی بیخ کنی کیلئے سخت سے سخت قانون سازی کی جائے گی اور اس کو عملاً لاگو کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ نشے کے عادی افراد کیلئے ہر ہسپتال میں 12 بیڈز قائم کئے جائیں گے جہاں پر ان کو صحیح علاج و معالجے کی سہولت فراہم کی جائے گی تاکہ معاشرے کو اس ناسور سے پاک کیا جا سکے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہر بڑے ضلع میں یتیموں اور بے سہارا بچوں کیلئے علیحدہ سکولز قائم کئے جائیں گے تاکہ صوبے میں کوئی بھی بچہ سکول سے باہر نہ ہو ۔ سماجی بہبودکے کاموں کو تمام صوبے میں وسعت دی جائے گی ۔ اُنہوں نے کہاکہ وویمن کراسسز سنٹر ز کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے گا اور اُس میں تمام سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنایا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ آئس اور دیگر نشہ آور اشیاء کی روک تھام کیلئے سخت سے سخت قانون بنانے کے عمل کو تیز تر کیا جائے گااور اس پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت بھکاریوں ، یتیموں اور بے سہارا لوگوں پر خصوصی توجہ مرکوز کر رہی ہے اور اُن کی فلاح کیلئے ہر ممکن اقدامات اُٹھا رہی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبائی حکومت خواتین اور خاص کر بے سہارا خواتین کو ہر قسم کی مدد فراہم کرنے اور اُ ن کے مسائل کے حل کیلئے کل وقتی طور پر اقدامات اُٹھار ہی ہے اور اُن کو روزگار فراہم کرنے کیلئے مختلف قسم کے منصوبے حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔انہوں نے صوبائی اسمبلی کی خواتین ممبران کو یقین دلایا کہ ان کی اچھی تجاویز پر عمل درآمد کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ وہ بہت جلد ویمن چیمبرسے ملاقات کر یں گے اور اُن کے مسائل کو غور سے سنیں گے تاکہ ان مسائل کو جلد اور بطریق احسن حل کیا جا سکے ۔
