مہتر چترال فاتح الملک علی ناصر کی سیاسی سرگرمی باقاعدہ شروع ۔ بمبوریت میں ان کی زیر قیادت پی ٹی آئی کی عظیم الشان شمولیتی تقریب ۔

جنرل الیکشن میں صوبائی سیٹ کیلئے ووٹ کا مطالبہ

چترال ( محکم الدین ) مہتر چترال فاتح الملک علی ناصر نے باقاعدہ طورپر اپنی سیاسی سرگرمیوں کا آغازکر دیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کے بعدپہلی مرتبہ شیخاندہ بمبوریت کے عمائدین اور سیاسی شخصیات کی دعوت پر ایک بڑی شمولیتی تقریب ان کی زیر صدارت گذشتہ روز انجام پائی ۔ جس میں چیرمین ویلج کونسل بمبوریت خلیل الرحمن سمیت بہت بڑی تعداد میں افراد نے پاکستان انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتےہوئے مہتر چترال فاتح الملک علی ناصر نےکہا ۔ کہ پاکستان تحریک انصاف پسماندہ علاقوں کی تعمیر وترقی کو ترجیح دیتی ہے ۔ اور لوگوں کو مشکلات سے نکالنا اس کے بنیادی منشور میں شامل ہے۔ اور میں نے تحریک انصاف کا یہ جذبہ دیکھ کر چترال کے عوام کی خدمت کا عزم لئے عملی طورپر سیاست میں قدم رکھاہے۔ اگر اگلے انتخابات میں صوبائی اسمبلی کی نشست کیلئے عوام نے مجھ پر اعتماد کیا ۔ تو اسمبلی میں چترالی عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے زوردار آواز اٹھاوں گا ۔ اور یہ مسائل حل کرکے رہوں گا ۔ اس لئے عوام ان مسائل کے حل کی راہ ہموار کرنے کیلئے میرے ہاتھ ووٹ سےمضبوط کریں۔ قبل ازین چیرمین ویلج کونسل بمبوریت خلیل الرحمن و علاقےکے عمائدین نے اپنے خطاب میں مہتر چترال کی شیخاندہ بمبوریت آمد پر ان کا شکریہ اداکیا ۔ اور کہا  کہ بمبوریت جغرافیائی اور ثقافتی لحاظ سے انتہائی اہمیت کی حامل وادی ہے  اوریہاں کے لوگ پشت درپشت ان وادیوں کے محافظ ہیں ۔ لیکن افسوس کامقام ہے۔ کہ یہ علاقہ قیام پاکستان سے لے کر اب تک نظر انداز ہوتا آرہا ہے۔ تعلیم و صحت کی سہولتیں دستیاب نہیں ۔ آمدورفت کیلئے سڑکیں انتہائی خستہ حالی کا شکار ہیں ۔ اور نوجوان روزگارسے محروم ہیں ۔ اس لئے صحت و تعلیم کی سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو پولیس ، لیویز فورس وغیرہ اداروں میں بھرتی کیا جائے ۔ تاکہ علاقے میں پائی جانے والی محرومی دور ہو سکے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ شیخ براداری اور نورستانیوں کے آپس میں قریبی رشتے داریاں ہیں ۔ اس لئے یہاں کے لوگوں کو راہداری سسٹم کے تحت آنےجانے کی سہولت دی جائے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا ۔ کہ شیخاندہ بمبوریت ، رمبور اور شیخاندہ گبورکے طلبہ کیلئے چترال شہر میں ایک ہاسٹل کا انتظام کیا جائے ۔ تاکہ ان پسماندہ علاقوں کے طلبہ کو زیور تعلیم سے آراستہ ہونے کا موقع مل سکے ۔ مہتر چترال نے یقین دلایا ۔ کہ ان مسائل کے حل کیلئے وہ بھر پور طور طریقے کردار ادا کریں گے ۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔