بجلی کی بندیش کے خلاف تورکہو ورکوپ میں احتجاجی دھرنا دوسرے روز بھی جاری
اپرچترال(چترال ایکسپریس)بجلی کی بندش کے خلاف علاقہ استارو، ورکوپ، نشکو، مداک اور تریچ کے عوام کا تورکہو ورکوپ میں احتجاجی دھرنا دوسرے روز بھی جاری ہے۔ دھرنا میں بیٹھے ہوئے شراکا نے ایک بیان میں کہاہے کہ جنوری کی اس ٹھٹھرتی سردی میں اپنے جائز حق کے حصول کیلئے عوام سڑک پر بیٹھے ہوئے ہیں لیکن تاحال شنوائی نہیں ہوئی ۔ ہٹ دھرمی اور بے حسی کا یہ عالم ہے کہ تاحال دھرنا شرکاء سے انتظامیہ اور ادارے کی جانب سے رابطہ ہی نہیں کیا گیا۔ اُنہوں نے کہا کہ دھرنا شرکاء حسب پروگرام تمام علاقوں سے رابطے میں ہیں
اور اگلے مرحلے کی بھرپور تیاریاں کررہے ہیں۔ واضح رہے کہ شرکاء نے متعلقہ ادارے اور ضلعی انتظامیہ کو 3 دن کے اندر بجلی بحال کرنے کی ڈیڈ لائین دی ہوئی ہے اور آج دوسرے دن کے اختتام تک کوئی مثبت پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔
ڈیڈ لائن کے خاتمے کے بعد تمام علاقوں سے عوام جلسے کی صورت میں ضلعی ہیڈکوارٹر بونی کی طرف مارچ کرینگے اور بھرپور احتجاج کرینگے ۔