چترال میں سیاحت کے حوالے سے دروش میں ونگ کمانڈرلیفٹیننٹ کرنل قیصر رضا کی زیرصدارت اجلاس

چترال (نمائندہ چترال ایکسپریس )چترال میں سیاحت کی ترقی کے سلسلے میں چترال سکاؤٹس نے کوششوں کا آغاز کردیا ہے۔ اس حوالے سے دروش میں ونگ کمانڈرلیفٹیننٹ کرنل قیصر رضا کی صدارت میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں محکمہ، سیاحت، پولیس، ضلعی انتظامیہ اور میڈیا کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ کرنل قیصر رضا نے کہا کہ پاک فوج زندگی کے ہر شعبے میں علاقے کے عوام کی خدمت کررہی ہے اور چاہتے ہیں کہ چترال کی سیاحت کو ترقی دیکر یہاں پر مختلف شعبوں میں ترقی کے نئے مواقع پیدا کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ بالائی افسران چترال میں سیاحت کی ترقی میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں، آجکل سیاحت ایک اہم صنعت کی حیثیت اختیار کر چکا ہے، چترال میں سیاحت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں اور ہمیں انسے استفادہ کرنا چاہیے اور اس سلسلے میں ہم ہر قسم تعاون کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت کی ترقی میں حائل رکاوٹوں کی نشاندہی، سیاحت کے مواقع کی نشاندہی کرکے رکاوٹوں کو دور کرنے اور نئے مواقع سے استفادہ حاصل کرنے کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کرکے ایک جامع پلان مرتب کیا جانا مقصود ہے۔ اجلاس میں محکمہ سیاحت کے نمائندے زرین نے چترال میں سیاحت کی صورتحال اور محکمہ سیاحت کی طرف سے سیاحت کے فروغ کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔انہوں نے سیاحوں کو درپیش مسائل کا بھی ذکر کیا۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔