سابق ناظم مغفرت شاہ کی چترالی عوام کی بیباکانہ انداز میں نمائندگی کرنے پر بعض لوگ سیخ پاہیں۔مولانا جمشید احمد
چترال (چترال ایکسپریس ) امیر جماعت اسلامی ضلع لویر چترال مولانا جمشید احمد نے گزشتہ دن کور کمانڈر پشاور اور چیف سیکرٹری کے دورہ چترال اور گرینڈ جرگہ کے موقع پر گندم کی سبسڈی سمیت چترال کے سلگتے مسائل اور حالات حاضرہ پر چترالی عوام کی موثر اور پروقار انداز میں نمائندگی کرنے پر سابق ضلع ناظم مغفرت شاہ کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے ۔
ایک اخباری بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ چترالی عوام کی بیباکانہ انداز میں نمائندگی کرنے پر چترال کے بعض لوگ سیخ پا ہیں اور یہ عوامی نمائندے کا عوامی انداز انہیں بدہضمی اور سینے کی جلن میں مبتلا کردیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ بیمار ذہنیت کے مالک یہ حضرات اپنی تشفی کے لئے سوشل میڈیا پر الٹے سیدھے پوسٹ لگانے اور ڈس انفارمیشن پھیلانے کی کوششوں میں مصروف ہیں لیکن انفارمیشن ٹیکنالوجی کی اس دور میں وہ خود تماشا بنے ہوئے ہیں۔
مولانا جمشید نے کہا کہ جماعت اسلامی نے عوامی مسائل کے حل کے لئے اپنی وضع کردہ حکمت عملی پر عمل پیرا ہے اور ایسے منفی پروپیگنڈوں کے ذریعے اسے نقصان پہنچانے کی کوشش کرنے والے خود کو ایکسپوز کر کے رسوائی مول لے رہے ہیں۔