ایس ایل۔ایف چترال کی سورلاسپور اپر چترال میں ہجرتی پرندوں کے عالمی دن کی مناسبت سے ایک آگاہی پروگرام
چترال(چترال ایکسپریس)سنو لیپرڈ فاؤنڈیشن چترال نے 14 اکتوبر 2023 کو وائلڈ لائف ڈویژن چترال کے اشتراک سے گورنمنٹ ہائی سکول سورلاسپور اپر چترال میں ہجرتی پرندوں کے عالمی دن (World Migratory Bird Day) کی مناسبت سے ایک آگاہی پروگرام
کا انعقاد کیا۔ جس میں گورنمنٹ ہائی سکول سورلاسپور کے اساتذہ کرام اور طلباء و طالبات کے علاوہ سنو لیپرڈ کنزرویشن آرگنائزیشن (SLCO) اور SADCO سورلاسپور کے نمائندوں نے شرکت کی ۔
عالمی مائیگریٹری برڈ ڈے، عالمی سطح پر ، ہجرت کرنے والے پرندوں اور ان کے رہائش گاہوں کے تحفظ اور تحفظ کی اہمیت کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لیے منایا جاتا ہے۔
گورنمنٹ ہائی سکول سورلاسپور میں ہونے والے پروگرام میں مختلف معلوماتی اور تعلیمی سرگرمیوں کا ایک سلسلہ شامل تھا جس کا مقصد سکول کے نوجوان ذہنوں کو ہجرت کرنے والے پرندوں کی اہمیت اور ان کے تحفظ کی ضرورت کے بارے میں معلومات و آگاہی دینا تھا۔
پرگرام میں سکول طلباء و طالبات نے ہجرتی یعنی مہمان پرندوں کے حوالے سے تقاریر کی ، جس میں ان پرندوں کے ہجرت کے وجوہات، ان کے اہمیت، نقل مکانی کے راستوں اور ہجرت کرنے والے پرندوں کو درپیش چیلنجوں کے بارے میں تفصیل سے بتایا گیا اور
طلباء و طالبات کو آرٹ کے ذریعے نقل مکانی کرنے والے پرندوں کے بارے میں اپنی سمجھ کا اظہار کرنے کا موقع بھی فراہم کیا گیا۔جس میں مختلف طالبات نے حصہ لیا۔
جمیع اللہ شیرازی، ریجنل پروگرام منیجر ایس ایل ایف چترال نے حاضرین کو قدرتی وسائل اور جنگلی حیات خصوصا برفانی چیتے کی تحفظ کے کے لئے SLF کی کوششوں کے بارے میں اور نقل مکانی کرنے والے پرندوں کی اہمیت اور ان کو درپیش خطرات کے حوالے سے تفصیلی پریزنٹیشن دی ۔ انہوں نے
ڈی ایف او وائلڈ لائف ڈویژن چترال ، ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ ہائی سکول سورلاسپور، اساتذہ، طلباء وطالبات اور عمائیدین کا تقریب کو کامیاب بنانے میں ان کی فعال شرکت اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
فاروق نبی، ڈی ایف او وائلڈ لائف ڈویژن چترال نے طلباء سے نقل مکانی کرنے والے پرندوں کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم ایک اہم دن کی مناسبت سے یہاں جمع ہے جو نقل مکانی کرنے والے پرندوں اور ان کے رہائش گاہوں کے تحفظ کی ضرورت کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کے لیے وقف ہے۔ یہ دن دنیا بھر میں ان مہمان مسافروں کی اہمیت اور کرہ ارض کی حیاتیاتی تنوع کو برقرار رکھنے میں ان کی کردار کو اجاگر کرنے کے لیے منایا جاتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ چترال والوں کی مہمان نوازی پورے پاکستان میں مشہور ہے لیکن میں گزارش کرونگا کہ یہ مہمان نوازی اگر مہمان پرندوں کے لئے بھی اپنایاجائےتو بے مثال ہوگا۔ انہوں نے بہترین پروگرام منعقد کرنے پر ایس ایل۔ایف کا شکریہ ادا کیا اور بہترین اریجمنٹ سکول منیجمنٹ جبکہ اس دن کی مناسبت سے بہترین تیاری کرنے پر سکول کے طلباء و طالبات کو خراج تحسین پیش کیا۔
محمد وزیر، وی سی چیئرمین لاسپورو سیاسی رہنما اور شاہ خان قریشی، ممتاز سماجی کارکن/ صدر ایس ایل سی او سورلاسپور نے علاقے میں ایس ایل ایف کی جنگلی حیات خصوصاً برفانی چیتے کے تحفظ کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایل۔ایف گذشتہ 15 سالوں سے سورلاسپور میں نایاب برفانی چیتے کی تحفط کے لئے ہمارے ساتھ تعاون کر رہا ہے۔ انہوں نے ایس ایل ایف اور وائلڈ لائف ڈویژن چترال کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپ سب کے مشکور ہیں کہ اپ لوگ اتنے دور افتدہ علاقے میں آکر ہمارے بچوں کو نقل مکانی کرنے والے پرندوں کی اہمیت اور ان کے تحفظ کی ضرورت کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کے لئے بہترین پروگرام منعقد کئے۔
پرگرام کے آخر میں تقاریر اور آرٹ مقابلوں میں بہترین پرفارمنس دینے والے طالبات کو ان کی حوصلہ افزائی کے لئے ادارے کی طرف سے شیلڈ دیےگئے۔