
ناچار بندے اور دوہرے معیار کی دنیا۔۔تحریر: مبشرالملک
گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر ایک بڑے شاپنگ مال کے سامنے کی ویڈیو نظر سے گزری، جس میں پولیس ایک غریب پٹھان بچے کے کندھے سے لنڈا بازار کے کوٹ چھینتے ہوئے اسے سامان سمیت ٹرک میں ڈال رہی تھی۔ اس منظر نے مجھے بے حد رنجیدہ کیا اور ایک تلخ سوال ذہن میں ابھرا کہ آخر جرم کیا ہے؟ پٹھان ہونا جرم ہے، غریب ہونا جرم ہے، یا پھر پیٹ پالنے کے لیے لنڈا فروخت کرنا جرم ہے؟
اس دنیا میں عمومی طور پر اور کلمے کے نام پر حاصل کیے گئے اس ملک میں خصوصی طور پر غریب اور عام انسان کے لیے زندگی اجیرن بنا دی گئی ہے۔ معاشی ناہمواری اور دوہرے معیار کا یہ عالم ہے کہ طاقتور کے لیے ہر قانون موم کی ناک ہے، جبکہ کمزور اور بے بس شہری کے لیے ہر قدم پر ایک نئی رکاوٹ کھڑی ہے۔
ایک غریب شخص جو بھاری کرایہ دے کر دکان لینے کی استطاعت نہیں رکھتا، وہ اپنے بچوں کا پیٹ پالنے کے لیے لنڈا بازار کے کپڑے کندھے پر لادے گلی گلی اور شہر شہر مارا مارا پھرتا ہے۔ مگر اسے اسلام آباد کے سیکٹروں، ماڈل ٹاؤن جیسے پوش علاقوں یا بلند و بالا شاپنگ مالز کے سامنے کھڑے ہونے کی بھی اجازت نہیں۔ اس کی موجودگی کو امرائے شہر کی شان کے خلاف سمجھا جاتا ہے۔ ستم ظریفی یہ ہے کہ انہی امرا کے گھروں کی خواتین اتوار اور جمعہ بازاروں میں لنڈے کے ڈھیروں کو الٹتی پلٹتی اور سستی سبزیوں و پھلوں کے ٹھیلوں کے گرد منڈلاتی نظر آتی ہیں۔ غریب کی محنت سے سستا مال خریدنا تو گوارا ہے، مگر خود غریب کا وجود ان کی بستیوں میں ناقابلِ برداشت ہے۔
چھوٹے کاروبار کرنے والوں اور محنت کشوں کو لائسنس، اجازت ناموں اور این او سی کے ایسے پیچیدہ گورکھ دھندوں میں الجھا دیا گیا ہے جو ان کی بساط سے باہر ہیں۔ نتیجتاً سارے معاشی فوائد بڑے کارخانہ دار، ملٹی نیشنل کمپنیاں اور سرمایہ دار سمیٹ لے جاتے ہیں۔ ماحولیاتی آلودگی اور شور شرابے کا سارا ملبہ غریب رکشہ ڈرائیور پر ڈال کر اسے مجرم ٹھہرایا جاتا ہے، جبکہ لگژری گاڑیوں، دیو ہیکل بسوں اور ہوائی جہازوں کے ذریعے فضا میں ٹنوں کے حساب سے زہریلا دھواں اور کاربن بھرنے والے سرمایہ کار معزز بھی ٹھہرتے ہیں اور انعامات کے مستحق بھی۔
قانون کی یہ آنکھ مچولی صرف روزگار تک محدود نہیں بلکہ جرم و سزا کے پیمانوں میں بھی نمایاں ہے۔ پتنگ کی ڈور، معمولی چاقو یا بچوں کے پٹاخے بنانے والا غریب کاریگر اگر ذرا سی کوتاہی پر قانون کے شکنجے میں آ جائے تو اس کی زندگی بھر کی جمع پونجی نذرانوں اور جرمانوں کی نذر ہو جاتی ہے۔ اس کے برعکس مہلک بم، میزائل اور پل بھر میں بستیاں اجاڑ دینے والا بارود بنانے والے عالمی سوداگر نہ صرف سر اٹھا کر جیتے ہیں بلکہ اس انسانیت سوزی پر داد پاتے ہیں اور اسے اپنا فخر سمجھتے ہیں۔
اسی طرح پیٹ کی آگ بجھانے کے لیے سڑک کنارے ریڑھی لگا کر سستے چپس یا کھانے پینے کی اشیا بیچنے والا غریب ہمیشہ ملاوٹ اور مضرِ صحت خوراک کے الزام میں عتاب اور جرمانوں کا شکار رہتا ہے۔ مگر دوسری طرف بڑی ملٹی نیشنل کمپنیاں پرکشش پیکنگ میں زہر بیچ کر دنیا بھر کی دولت سمیٹ لیتی ہیں۔ کوئی ان سے یہ سوال نہیں کرتا کہ سر درد کی دوا کھانے سے گردے کیوں ناکارہ ہو رہے ہیں، یا ان کی مصنوعات کے استعمال سے دل اور کینسر جیسے موذی امراض اس تیزی سے کیوں پھیل رہے ہیں۔
غریب کے ساتھ یہ ناانصافی زندگی کے ہر شعبے میں جاری ہے۔ بینکوں سے اربوں روپے کا قرض لے کر معاف کروا لینے والے معزز کہلاتے ہیں، جبکہ چند ہزار روپے کی قسط لیٹ ہونے پر غریب کی عزتِ نفس اور گھر نیلام کر دی جاتی ہے۔ بجلی گیس کے چند سو کا بل اگر تنگ دستی کے سبب غریب ایک مہینہ لیٹ کرے تو لاین کاٹ دی جاتی۔امیر اور طاقتور شخصیات اور ادارے کنڈی لگا دیں زندگی بھر بل نہ بھریں تو کوءی بات نہیں الٹا یہی کمی غریب سے نچوڑ لی جاتی اور لوڈشیڈنگ بھی انہی کے کھاتے میں ڈال دی جاتی ہے۔باسی مرغی ۔قیمہ کی فروخت پر غریب قصاءی جرمہ اور جیل جاسکتا ہے بڑے بڑے فوڈ چین میں گدھے۔کتے تک کے مردار گوشت بارگرز۔پیزا۔شورما بننے کے وڈیو سوچل میڈیا کی زینت بنتے ہیں گے مگر کارواءی نہیں ہوگی، کسی گلی کوچے کالج مسجد و مدرسے میں کسی جاہل کے ہاتھوں بچے بچی پر زیادتی مہینے بھر میڈیا کی ھیڈلاین بنی ریے گی مگر قحبہ خانوں ۔مجرے ،اور ڈانس پارٹیاں اعلی طبقے کی ضرورت تصور ہوں گے۔تجوزات کہہ کر غریب کی جوھپڑی۔مزدور کی ریڑی اور موچی کا چھپر تو گرانا قانوں ٹھرے گا مگر طاقتور کی حویلی۔محل،پلازے۔اور ہوٹلز قومی مفاد میں جایز قرار دیے جاییں گے یا ضرورت کے لیے ڈرانے اور مطلب نکالنے کے کام اتے رہیں گے ۔یوں اسی سالوں ۔۔ایک ٹکٹ دو مزے ۔۔۔کا فلم اسلام کے نام پر چمکنے والے ملک میں جاری ہے جہاں طاقتور کے لیے قانون گھر کی لونڈی ہے اور کمزور کے لیے آہنی زنجیر۔ غریب کی اس بے بسی اور بے چارگی کی ترجمانی علامہ اقبال نے کیا خوب کی ہے:
تیرے محتاج بندوں کی نہ یہ دنیا نہ وہ دنیا
یہاں جینے پہ پابندی وہاں مرنے پہ پابندی
آج کا غریب واقعی اس دوراہے پر کھڑا ہے جہاں اس کے لیے عزت سے سانس لینا بھی ایک جرم بن چکا ہے۔ جب تک معاشی انصاف قائم نہیں ہوتا اور قانون سب کے لیے برابر نہیں ہوتا، تب تک یہ ناچار بندے یوں ہی پسے جاتے رہیں گے۔
